حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے ایران کے شہر مشہد مقدس میں ایک وفد کے ہمراہ انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی عظیم الشان ریلی میں شرکت کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا: بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کا یہ تاریخی فرمان آج بھی دلوں کو منور کرتا ہے کہ “انقلابِ ما انفجارِ نور بود” یعنی "ہمارا انقلاب دراصل نور کا ایک عظیم انفجار تھا"۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ آج 11 فروری 2026ء کو انقلابِ اسلامی کو سینتالیس برس مکمل ہو چکے ہیں اور یہ مقدس و مبارک سفر پوری قوت، استقامت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ان سینتالیس برسوں میں جہاں انقلاب نے سامراجی اور اسلام دشمن قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، وہیں دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہا۔ اس طویل عرصے کے دوران بے شمار سازشیں کی گئیں، مگر ہر سازش کو عوامی قوت اور ایمانی جذبے سے ناکام بنا کر یہ کاروان آگے بڑھتا رہا۔
علامہ عارف واحدی نے کہا: ہم بانیٔ انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے اس عظیم مشن کو جاری رکھنے پر رہبرِ معظم انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ انقلاب جس قوت اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھا، اس میں ایرانی عوام کی بے مثال قربانیاں، وفاداری اور ثابت قدمی بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا: آج مشہدِ مقدس میں انقلاب کی سالگرہ پر لاکھوں افراد پر مشتمل عظیم الشان ریلی میں شرکت کا موقع ملا، جہاں شیعہ علماء کونسل پاکستان،ملی یکجہتی کونسل اور قائد ملت جعفریہ کے علاوہ پورے پاکستان کی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ہم ایک وفد کے ساتھ شریک ہوئے۔ وہاں ہم نے وہی جذبہ، وہی شجاعت اور وہی انقلابی ولولہ دیکھا جو انقلاب کے ابتدائی ایام میں نمایاں تھا۔ یہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ جب عوام دیکھتے ہیں کہ انقلاب کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشیں زور پکڑ رہی ہیں تو وہ غیرت و حمیت کے ساتھ میدان میں نکل آتے ہیں اور یہی عوامی طاقت دشمنوں کو کمزور اور مایوس کر دیتی ہے۔
ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر نے کہا: پاکستان اور ایران دونوں ملکوں کو محبت، اعتماد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ دونوں عالمی سازشوں کا سامنا کر رہے ہیں اور دونوں کے دشمن بھی مشترک ہیں۔ اس لیے اتحاد اور باہمی تعاون ہی کامیابی کی راہ ہے۔ہمارے ساتھ اس وفد میں دفترِ قائد ملت کی مجلسِ نظارت کے معزز اراکین جناب حجۃ الاسلام نثار مہدوی، حجۃ الاسلام الفت حسین ساقی، حجۃ الاسلام آغا حسن کاظمی، دفتر کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام عون باقر جعفری، حجۃ الاسلام سید مظہر عباس نقوی اور دیگر رفقاء بھی شریک تھے۔
علامہ عارف واحدی نے عوام کے جذبات کو بیان کرتے ہوئے کہا: ہم نے مشہد کے روحانی ماحول میں ایک والہانہ منظر دیکھا؛ صبح کی نماز کے بعد سے لوگوں کا ایک عظیم اجتماع ہر طرف پھیلا ہوا تھا۔ شہر کی گلیاں اور سڑکیں عوام کے سمندر سے بھری ہوئی تھیں، یہاں تک کہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو چکی تھی۔ یہ منظر صرف مشہد تک محدود نہیں بلکہ پورے ایران میں ہر شہر، قصبے اور گاؤں میں کروڑوں لوگوں کو انقلابِ اسلامی اور رہبرِ معظم کی حمایت میں نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ سب ایک امید کی کرن ہے۔ اس بات کی امید کہ ان شاء اللہ عالمِ اسلام متحد ہوگا اور امریکہ،ناجائز صیہونی ریاست اور دیگر معاند قوتوں کی ہر سازش کو ناکام بنائے گا۔









آپ کا تبصرہ